اتوار 9 مارچ 2025 - 21:41
ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین کا وفد کے ہمراہ جامعہ دارالعلوم حقانیہ کا دورہ؛ مولانا حامد الحق کی شہادت پر اظہارِ تعزیت

حوزہ/ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفد کے ہمراہ جامعہ دارالعلوم حقانیہ کا دورہ کیا اور مولانا حامد الحق کی شہادت پر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی و دیگر کے ہمراہ جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ کیا اور مولانا حامد الحق شہید کے جانشین مولانا عبدالحق ثانی اور بھائی مولانا راشد الحق سمیت تمام لواحقین سے مولانا حامد الحق شہید اور ان کے کم سن فرزند سمیت شہید نمازیوں کے لیے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

اس موقع پر چیئرمین ایم ڈبلیو ایم نے المناک واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ سانحہ پوری قوم کے لیے ایک گہرا صدمہ ہے اور ہر محبِ وطن پاکستانی اس غم میں برابر کا شریک ہے، ‏مولانا حامد الحق شہید نے ہمیشہ امتِ مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کے فروغ کے لیے کام کیا اور ملت کو جوڑنے کی جدوجہد میں مصروف رہے، دشمن جانتا ہے کہ جہاں سے وحدت و اتحاد کا پیغام مل رہا ہے اسے نشانہ بنانا ہے، ‏‏یہ وقت باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملّی وحدت کو مضبوط کرنے کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے ہمیں ایک قوم بننا ہوگا، اپنے ماضی سے سیکھنا ہو گا اور دشمن کے عزائم کو پہچان کر اسے ناکام بنانا ہو گا، اتحاد ہی ہماری اصل قوت ہے اور اسی کے ذریعے ہم ایک مضبوط اور پُرامن پاکستان کی بنیاد رکھ سکتے ہیں، جو کہ ملکی امن و امان کے خلاف سوچی سمجھی سازش ہے، اس موقع پر لواحقین اور مدرسہ کے منتظمین نے ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی تشریف آوری اور شریک غم ہونے پر شکریہ ادا کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha